کراچی (جیوڈیسک) سندھ کابینہ کے اجلاس میں سندھ میں ساڑھے 7ہزار پولیس اہلکار بھرتی کرنے کا فیصلہ کیا گیا جبکہ امن وامان کے لئے پولیس کو فری ہینڈ دیا گیا ہے اور ٹرانسپورٹ کی بہتر سہولیات کے لیے فوری طور پر 200 بسیں چلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ سندھ کابینہ کا پہلا اجلاس وزیر اعلی سندھ سید قائم علی شاہ کی صدارت میں وزیر اعلی ہاوس میں ہوا۔
اجلاس میں صوبائی وزرا نثار کھوڑو، شرجیل میمن ، منظور وسان، مخدوم جمیل الزمان ، میر ہزار خان بجارانی ، سید مراد علی شاہ سمیت دیگر شریک ہوئے۔ تقریبا 4 گھنٹے جاری رہنے والے اجلاس کے بعد ذرائع سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اطلاعات شرجیل میمن نے کہا کہ ٹرانسپورٹ کا مسئلہ حل کرنے کیلیے 3 رکنی کمیٹی بنادی گئی ہے۔
کراچی میں ٹرانسپورٹ کے بڑھتے ہوئے مسائل کے پیش نظر فوری طور پر 200 بسیں چلانے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے اور کراچی سرکلر ریلوے کا پراجیکٹ 6 مہینے میں شروع کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ امن وامان کے لئے آئی جی سندھ کو فری ہینڈ دیا گیا ہے۔