کراچی (جیوڈیسک) کراچی کے علاقے ابراہیم حیدری میں دو ماہ سے بجلی و پانی کی عدم فراہمی پر علاقہ مکینوں نے احتجاجاً دھرنا دے دیا۔
خواتین اور بچے پانی اور بجلی دو کی دہائی دیتے رہے، چند گھنٹے کی بات ہو تو صبر آجاتا لیکن ابراہیم حیدری کے مکین تو اب صبر کا امتحان دے دے کر تھک گئے۔ دو ماہ سے بجلی اور پانی کی عدم فراہمی پر خواتین اور بچے سڑک پر نکل آئے اور شدید احتجاج کیا۔
مظاہرین نے ٹائر جلا کر پارکو روڈ کو ٹریفک کے لئے بند کر دیا۔ احتجاج کے باوجود مظاہرین کی سننے کوئی نہ آیا ایسے میں مظاہرین نے کے الیکٹرک کے مقامی آفس کے باہر احتجاجی کیمپ قائم کرکے دھرنا دے دیا۔
مظاہرین کا کہنا تھا کہ دوسرے علاقے سے رقم کے عوض پانی خریدنا پڑتا ہے۔ چار گھنٹے سے زائد احتجاج پر بیٹھے مظاہرین پر بالاخر کے الیکٹرک انتظامیہ مہربان ہوئی اور مظاہرین کو بجلی کی بحالی کی یقین دہانی کردی جس پر مظاہرین نے احتجاج ختم کر دیا۔ –