کراچی (جیوڈیسک) دورہ انگلینڈ کیلئے محمد حفیظ کی قومی ٹیم میں شمولیت معمہ بن گئی، بلے باز کا کراچی میں ایک اور ایم آئی آر ہوا، ٹیسٹ کی رپورٹ کے بعد ہی سلیکشن کمیٹی انہیں کھلانے یا نہ کھلانے کا فیصلہ کرے گی۔
اوپنر محمد حفیظ گھٹنے کی انجری کا شکار ہیں اور وہ بھارت میں عالمی ٹی ٹونٹی کپ کے بعد سے کرکٹ میدان میں قدم نہیں رکھ سکے۔ قومی بلے باز لاہور میں جاری اسکلز کیمپ میں بھی حصہ نہیں لے رہے۔ اس سے قبل بھی ان کے ایم آر آئی ہو چکے ہیں۔
کراچی میں ایم آرآئی رپورٹ کے بعد ہی ان کے زخم کی تازہ ترین صورتحال کا پتہ چل سکے گا۔ ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ ان کی انجری سنجیدہ نوعیت کی ہے اور کسی قسم کی جلد بازی ان کا کیرئیر متاثر کر سکتی ہے۔ دوسری جانب قومی سلیکشن کمیٹی کو بھی ان کی رپورٹ کا انتظار ہے۔
چیف سلیکٹر اینڈ کمپنی محمد حفیظ کی رپورٹ کے بعد ہی انہیں دورہ انگلینڈ کے حتمی سکواڈمیں شامل یا ڈراپ کرنے کا فیصلہ کرے گی۔ محمد حفیظ کا کہنا تھا کہ وہ جلد ٹیم میں واپس آنا چاہتے ہیں، قوم ان کی صحت یابی کیلئے دعا کرے۔