کراچی (جیوڈیسک) شہر قائد میں ہلاکت خیز گرمی کے اثرات ختم ہونے کا نام ہی نہیں لے رہے ہیں۔ اگرچہ شہر کا موسم بتدریج بہتر ہوتا جا رہا ہے لیکن اس کے باوجود گرمی سے ہلاکتوں کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔ ایک ہفتے کے دوران ہلاکتوں کی تعداد ایک ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔
جناح ہسپتال سمیت دیگر بڑے ہسپتالوں میں ایم کیو ایم، تحریک انصاف، پیپلز پارٹی اور جماعت اسلامی سمیت مختلف سیاسی جماعتوں کی جانب سے امدادی سرگرمیوں کا سلسلہ بھی جاری ہے۔
امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان نے بھی جناح ہسپتال میں مریضوں کی عیادت کی اور امدادی اشیاء تقسیم کیں۔ جناح ہسپتال میں انسانی ہمدردی کے تحت سیاسی جماعتوں اور این جی اوز کے ساتھ ساتھ عام افراد کی جانب سے بھی امدادی اشیاء کی تقسیم کا سلسلہ جاری ہے تاہم امدادی اشیاء کی اکثریت مقامی افراد کے ہاتھوں لوٹ مار کی نظر ہو رہی ہے۔
مریض اور ان کے لواحقین ٹھنڈے پانی اور برف تک کی عدم دستیابی کی شکایت کرتے نظر آ رہے ہیں۔