کراچی (جیوڈیسک) کراچی میں اتوار کو گرمی کی شدت میں اضافے کے ساتھ دن بھر سورج آگ برساتا رہادرجہ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا۔
شدید گرمی کے باعث شہری بلبلا اٹھے، شہریوں کی بڑی تعداد نے چھٹی والے دن گرمی کی شدت کو کم کرنے کیلیے ساحل سمندر کا رخ کیا جبکہ مختلف پارکوں، گرین بیلٹس اور کھیل کے میدانوں میں بھی شہریوں نے درختوں کے سائے میں پناہ ڈھونڈی، محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق گرمی کی لہر آئندہ 5 روز تک جاری رہے گی۔
ماہرین طب کا کہنا ہے کہ گرمیوں میں سبزیوں کے ساتھ دہی کا استعمال مفید ہے، بازاری اشیا سے اجتناب کیا جائے، جسم میں نمکیات کی کمی کی صورت میں ٹھنڈے مشروب پیے جائیں، تفصیلات کے مطابق اتوار کو کراچی میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ پیر کو موسم گرم و خشک اور درجہ حرارت 38 سے 40 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔