کراچی (اصل میڈیا ڈیسک) جماعت اسلامی کی جانب سے کراچی میں گستاخانہ خاکوں کے خلاف احتجاجی مارچ کیا گیا، ریلی میں مسیحی برادری کے ارکان نے بھی شرکت کی۔
فرانس میں نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی شان میں گستاخانہ خاکوں کی تشہیر کے خلاف جماعت اسلامی کی جانب سے نمائش چورنگی سے سی بریز پلازہ تک احتجاجی مارچ کیا گیا۔
ریلی میں جماعت اسلامی کے کارکنوں اور شہریوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی جب کہ ریلی میں مسیحی برادری کے ارکان نے بھی شرکت کی۔
امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان نے اپنے خطاب میں کہاکہ مسلمان نبی کریمﷺ کی شان میں گستاخی برداشت نہیں کرسکتے۔
حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ مسلم حکمران امریکا اور مغرب کے غلام ہیں لہٰذا ہم ان حکمرانوں سے اعلان برأت کرتے ہیں۔
اس موقع پر نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان اسد اللہ بھٹو نے کہاکہ مسلم حکمران دشمنان رسولﷺ کے غلام ہیں، 24 گھنٹوں میں فرانسیسی سفیر کو ملک سے نکالا جائے اور سفارتی تعلقات منقطع کیے جائیں۔
ریلی سے خطاب کرتے ہوئے دیگر رہنماؤں نے فرانسیسی مصنوعات کے بائیکاٹ کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔