کراچی (جیوڈیسک) سندھ کے اعلیٰ حکام کی ہدایت پر اویس علی کا سراغ لگانے کی سر توڑ کوشش کی جا رہی ہے۔ چیف جسٹس کے بیٹے کی بازیابی کا ٹاسک ایس ایس یو کے سپرد کر دیا گیا ہے۔
ایس ایس یو کمانڈوز کی تین ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جبکہ شہر کے داخلی و خارجی راستے سیل کردیئے گئے ہیں۔ سپرہائی ہائی وے اور نیشنل ہائی وے پر سیکیورٹی سخت کر دی گئی ہے۔ کراچی کے ضلع ساؤتھ کی کچی آبادیوں سمیت مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن کیا جا رہا ہے۔
ایس ایس پی ڈاکٹر فاروق کے مطابق اویس شاہ کی تلاش میں صدر، کینٹ اسٹیشن، بلوچ کالونی اور محمود آباد میں بھی سرچ آپریشن کیا جا رہا ہے۔ اسپیشل سیکورٹی یونٹ اور سی پی ایل سی شہر کے مختلف علاقوں میں چھاپے مار رہی ہے۔
ترجمان ایس ایس یو ترجمان ایس ایس یو کے مطابق کمانڈ اینڈ کنٹرول روم میں سی سی ٹی کیمروں کی مدد بھی لی جا رہی ہے۔ تمام آپریشن کی نگرانی کمانڈنٹ ایس ایس یو مقصود میمن کر رہے ہیں۔