کراچی (جیوڈیسک) کراچی کے علاقے لیاری اور کھارادر میں فائرنگ اور پر تشدد واقعات میں دو افراد ہلاک جبکہ چار زخمی ہوگئے، کھڈا مارکیٹ کے قریب کریکر حملہ بھی کیا گیا تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔پیر کی دوپہر لیاری کے الفلاح روڈ پر فائرنگ کر کے ایک شخص کو قتل جبکہ تین کو زخمی کردیا گیا، کھارادر ابل چوک پر کھارادر پولیس لائنز سے پولیس افسر کے مغوی بیٹے کی لاش ملی۔
لیاری کھڈا مارکیٹ میں بھی کریکر حملہ کیا گیا تاہم اس سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، دوسری جانب رینجرز کی جانب سے غریب شاہ کے مزار سمیت لیاری کے مختلف علاقوں میں ٹارگٹڈ کارروائیاں کی گئیں۔ان واقعات کے بعد مسلح افراد نے ماڑی پور روڈ سمیت لیاری کے مختلف علاقوں میں فائرنگ کر کے دکانیں اور کاروبار بند کرا دیا۔ ایس ایس پی سٹی طارق دھاریجو نے بتایا کہ فائرنگ کے واقعات رینجرز کی کارروائیوں کا نتیجہ ہے اور حالات پر قابو پانے کی کوشش کر رہے ہیں۔