کراچی (جیوڈیسک) کراچی کے علاقے لیاری میں دو گروپوں کے درمیان تصادم کے بعد کشیدگی برقرار ہے۔ دوسری جانب علاقہ مکینوں نے بد امنی کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے ماڑی پور روڈ کو بلاک کر دیا۔ مشتعل افراد نے دو ٹرکوں کو آگ بھی لگا دی۔
کراچی لیاری میں کئی روز سے جاری فائرنگ اور ہلاکتوں کے خلاف علاقہ مکین صبح سے ہی ماڑی پور روڈ پر جمع ہیں اور رکاوٹیں کھڑی کر کے مرکزی شاہراہ کو ٹریفک کے لئے بند کیا ہوا ہے۔ مشتعل مظاہرین نے احتجاج کے دوران دو ٹرکوں کو آگ بھی لگا دی ہے۔
احتجاج کے باعث کراچی بندرگاہ سے نکلنے والی ہیوی ٹریفک اور دیگر گاڑیوں کی قطاریں لگ گئی ہیں۔ موقع پر صورتحال پر قابو پانے کے لئے پولیس کی نفری بھی موجود ہے لیکن مکمل طور پر بے بس نظر آ رہی ہے۔