کراچی (جیوڈیسک) لیاری کے مختلف علاقوں میں پولیس اور رینجرز کا مشترکہ آپریشن جاری ہے، آپریشن کی ما نیٹرنگ کے لیے ڈی جی رینجرز میجر جنرل رضوان اختراور کراچی پولیس چیف شاہد حیات نے علاقے کا دورہ کیا۔ گزشتہ روز سے لیاری میں ہونے والے پر تشد د واقعات میں 10 افراد کی ہلاکتوں کے بعد لیاری کے مختلف علاقوں گل محمد لین، سیگولین، رانگی واڑہ، علی محمد محلہ، گلستان کالونی، بہار کالونی، کوئلہ گودام، ٹینری روڈ، مرز آدم خان روڈ پر رینجرز اور پولیس کا مشترکہ آپریشن جاری ہے، آپریشن میں سیکیوریٹی فورسس کو حساس اداروں کی معاونت بھی حاصل ہے۔
آپریشن کے دورا ن پولیس اور رینجر ز کی بھاری نفری نے لیاری کے داخلی اور خارجی راستوں کو بند کر کے جرائم پیشہ افراد کے گھروں پر چھا پے مارے جارہے ہیں، کارروائی کے دوران اب تک 14 سے زائد ملزمان کو گرفتار کیا جا چکا ہے جبکہ کارروائی کی مانیٹرنگ کے لئے ڈی جی رینجرز میجر جنرل رضوان اختر اور کراچی پولیس چیف شاہد حیات نے علاقے کا دورہ کیا۔
دوسری جانب ترجمان رینجرز کے مطابق پاکستان رینجرز ہیڈ کوارٹر میں لیاری میں امن وامان کی صورتحال پر اعلی سطح کا اجلاس منعقد ہوا جس میں رینجرز اور پولیس کے اعلی حکام نے شرکت کی۔اجلاس میں لیاری میں رینجرز اور پولیس کے مشترکہ آپریشن کے منصوبے کو حتمی شکل دیتے ہو ئے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ جرائم پیشہ گروہوں کی گرفتاری تک آپریشن جاری رہے گا جبکہ سول انتظامیہ متاثرہ علاقوں کے مکینوں کیلیے کھانے پینے کا انتظام کرے گی۔