کراچی (جیوڈیسک) کراچی کے علاقے گلشن معمار میں اینٹی وائلنٹ کرائم سیل اور سی پی ایل سے مشترکہ کارروائی کر کے نارتھ ناظم آباد سے اغوا ہونے والا 7 سالہ بچہ باحفاظت بازیاب جبکہ مقابلے میں 2 اغوا کار مارے گئے۔
چیف سی پی ایل سی احمد چنائے نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ گلشن معمار میں اینٹی وائلنٹ کرائم سیل اور سی پی ایل سی نے مشترکہ کارروائی کی، اس دوران اغوا کاروں سے مقابلہ ہو گیا جس میں 2 اغوا کار مارے گئے، ایک کو زخمی حالت میں پکڑا گیا جبکہ ایک پولیس اہلکار بھی شدید زخمی ہوا جسے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
کارروائی میں نارتھ ناظم آباد کی شارع نورجہاں سے اغوا کیے جانے والے 7 سالہ بچے یاسین کو باحفاظت بازیاب کرا لیا گیا، یاسین کی رہائی کے لیے اغوا کاروں نے 60 لاکھ روپے تاوان طلب کیا تھا۔
بچے کے والد نے بتایا کہ اسے فون آیا کہ اس کا بچہ اغوا ہو گیا ہے اور اگر بچہ واپس چاہتے ہو تو تاوان کی رقم دو، پھر پولیس کو بتایا تو ان کے تعاون سے آج وہ اپنے بچے کا ساتھ ہیں۔