کراچی (جیوڈیسک) متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی کے ڈپٹی کنوینر ڈاکٹر فاروق ستار کا کہنا ہے کہ کچھی برادری کے افراد لیاری سے نقل مکانی کر کے ملیر کھوکھرا پار میں رہ رہے ہیں، یہ عبادت کا مہینہ ہے، ایثار و قربانی دینے اور صبر کا مہینہ ہے، ہم اس شہر کو خانہ جنگی کی طرف نہیں لے جانا چاہتے ہیں۔ ملیر کھوکراپار میں الطاف حسین کی جانب سے کچھی آبادی کے مکینوں کے لیے افطار ڈنر سے ڈاکٹر فاروق ستارسے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ آزمائش کچھی برادری پر نہیں کراچی کے عوام کی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ جرائم پیشہ افراد کا خاتمہ بھی ہم کریں گے اور کراچی کو دہشت گردوں سے پاک کرائیں گے، انہوں نے کہا کہ یہ اپنی نوعیت کا پہلا واقعہ ہے کہ لوگوں نے جرائم پیشہ افراد کے باعث علاقے سے نقل مکانی کی، انکا کہنا تھا کہ اگر لیاری کی کچھی برادری کے ساتھ ظلم کا یہ سلسلہ بند نہ ہوا تو متاثرین کو یہ پیغام ہے کہ وہ اپنی حفاظت کا بندوبست کر لیں۔