کراچی میں فائرنگ سے 6 افراد ہلاک، گینگ وار کا ملزم بھی مارا گیا

Karachi

Karachi

کراچی (جیوڈیسک) کراچی میں گزشتہ شب سے اب تک فائرنگ اور پر تشدد واقعات میں پولیس اہلکار سمیت 6 افراد جاں بحق اور تین پولیس اہلکار زخمی ہوگئے جبکہ لیاری میں پولیس اور رینجرز کی کارروائی کے دوران 24 افراد کے قتل میں ملوث گینگ وار کا ملزم مارا گیا۔ کورنگی نمبر 4 میں نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے عوامی کالونی تھانے کی پولیس موبائل پر فائرنگ کردی۔

ملزمان کی فائرنگ کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار جاں بحق جبکہ 3 پولیس اہلکار زخمی ہوئے۔ ناظم آباد رضویہ سوسائٹی میں فائرنگ سے دو افراد جاں بحق ہوئے۔ اس سے قبل اورنگی ٹاؤن نمبر 4 اور منگھوپیر میں فائرنگ سے دو افراد ہلاک ہوئے جبکہ بہار کالونی کے علاقے گلستان کالونی میں فائرنگ سے ایک شخص ہلاک ہوا۔

دوسری جانب لیاری کے علاقے پھول پتی لین میں رینجرز اور پولیس کی مشترکہ کارروائی کے دوران 24 افراد کے قتل میں ملوث گینگ وار کا ملزم ہلاک ہو گیا۔