کراچی: فائرنگ اور تشدد کے واقعات میں 8 افراد جاں بحق

Karachi Firing

Karachi Firing

کراچی (جیوڈیسک) کراچی میں کچھ روز کے امن کے بعد دو گروپوں میں پھر لڑائی چھڑ گئی۔ دونوں گروپوں کی جانب سے فائرنگ اور آوان گولوں کے حملوں سے علاقہ گونج اٹھا۔ صورتحال پر قابو پانے کے لئے پولیس کی بھاری نفری بھی علاقے میں طلب کر لی گئی۔ دوسری جانب چاکیواڑہ اور اطراف سے تین افراد لاشیں ملی ہیں، جن میں سے دو افراد کی شناخت محمد خلیل اور رحمت کے نام سے کر لی گئی ہے۔

منگھو پیر میں فائرنگ سے پولیس اہلکار ذیشان جاں بحق ہو گیا۔ کٹی پہاڑی اور بغدادی میں فائرنگ سے دو افراد ہلاک ہو گئے۔ ایمپریس مارکیٹ کے قریب موٹر سائیکل سوار مسلح افراد کی فائرنگ سے مجلس وحدت مسلمین کا کارکن آصف جاں بحق ہو گیا، جبکہ لسبیلہ سے ایک شخص کی لاش ملی ہے۔لیاری کے علاقے بغدادی اور نیپئر میں پولیس اور رینجرز نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے گینگ وار کے تین کارکنوں کو ہلاک کر دیا۔

ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کی شناخت مجید سٹیل ، اختر اورکاشف موٹا کے نام سے ہوئی ہے۔ ذرائع کے مطابق گینگ وار کے کارندے اغوا برائے تاوان ، قتل ، اقدام قتل ، بھتہ خوری سمیت دیگر سنگین جرائم میں پولیس کو مطلوب تھے۔