کراچی (جیوڈیسک) کراچی میں تشدد اور فائرنگ کے مختلف واقعات میں چھ افراد جاں بحق ہو گئے جبکہ ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر فائرنگ سے ایک شخص ہلاک اور ایک زخمی ہو گیا۔
کراچی کے علاقے گلشن معمار کے جنجال گوٹھ میں فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہو گیا۔ کورنگی بلال کالونی میں مسلح افراد نے فائرنگ کر کے 45 سالہ عبدالرزاق کو شدید زخمی کر دیا جو جناح ہسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔ منگھو پیر میں بھی فائرنگ سے ایک شخص زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھا۔ اورنگی ٹاون اردو چوک کے قریب نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہو گیا۔ مقتول کی شناخت 42 سالہ نواز علی کے نام سے کی گئی ہے۔
ڈیفنس کے علاقے خیابان رومی سے بنگلے کے چوکیدار بلاول کی لاش ملی ہے۔ نیٹی جیٹی پل کے قریب فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہو گیا۔ پولیس کے مطابق مقتول کو تشدد کر کے ہلاک کیا گیا۔ ایس ایم لا کالج کے قریب فائرنگ سے ایک شخص سعید شاہ جاں بحق اور اخبار فروش آصف زخمی ہو گیا۔ پولیس کے مطابق واقعہ ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر پیش آیا۔