کراچی (جیوڈیسک) کراچی میں بلدیہ کے علاقے سے مزید تین لاشیں ملی ہیں، ہلاکتوں کی تعداد سات ہو گئی ہے۔کورنگی میں سیکورٹی فورسز کے قافلے کے قریب دھماکے میں اہلکار سمیت دو افراد جاں بحق اور اٹھارہ زخمی ہو گئے، جائے وقوعہ پر ناکارہ بنائے جانے والے بم کی رپورٹ تیار کر لی گئی۔
کراچی میں قتل و غارتگری کا سلسلہ نہ روکا جا سکا،بلدیہ کے علاقے سے تین افراد کی لاشیں ملی ہیں، پولیس کے مطابق انہیں تشدد کر کے ہلاک کیا گیا۔شیر شاہ میں نجی کمپنی کے قریب سے ایک شخص کی تشدد زدہ جبکہ لیاری کے علاقے چاکیواڑہ سے ایک بوری بند لاش ملی ہے۔سائیٹ ایریا کے قریب بھی ایک شخص کی لاش برآمد ہوئی ہے، پولیس کے مطابق مقتول کو تشدد کے بعد موت کے گھاٹ اتار دیا گیا۔ اورنگی دس نمبر میں فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہو گیا۔
گزشتہ روز سیکورٹی فورسز کے قافلے پر ہونے والے دھماکے میں دو اہلکار جاں بحق اور اٹھارہ زخمی ہو گئے تھے۔ بم ڈسپوزل سکواڈ نے جائے وقوعہ سے ایک بم بھی برآمد کیا تھا جسے ناکارہ بنا دیا گیا۔ ابتدائی رپورٹ کے مطابق لوہے کے سلنڈر میں بنے بم کا وزن بیس سے بائیس کلو گرام تھا۔ بم میں ڈھائی کلو گرام بال بیرنگ کی پلیٹ، پانچ میڑ کی بارودی پٹی اور بارہ وولٹ کی بیڑی نصب تھی۔ بم ڈسپوزل سکواڈ کی ٹیم نے ای او ڈی سوٹ پہن کر بم کو ناکارہ بنایا جبکہ اس دوران جامرز کا استعمال بھی کیا گیا۔