کراچی: فائرنگ اور پر تشدد واقعات میں 4 افراد جاں بحق اور 3 زخمی

Karachi

Karachi

کراچی (جیوڈیسک) کراچی میں فائرنگ کے مختلف واقعات کے دوران خاتون سمیت چار افراد جان بحق اور 3زخمی ہوئے۔ رینجرز نے شہر کے مختلف علاقوں سے 7ملزمان کو حراست میں لیکر اسلحہ برآمد کرلیا۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ صدر پارکنگ پلازہ کے قریب نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کرکے ایک شخص کو موت کے گھاٹ اتار دیا مقتول کی شناخت 35سالہ اسداللہ کے نام سے ہوئی۔ ادھر لی مارکیٹ کھجور بازار کے قریب فائرنگ سے ایک نامعلوم شخص لقمہ اجل بنا۔

سرجانی ٹاون خدا کی بستی سے ایک شخص کی گولیاں لگی لاش ملی۔ مقتولین کی لاشوں کو ضابطے کی کاروائی کیلئے اسپتال منتقل کیا گیا۔ بوٹ بیسن کے علاقے میں ڈکتی مزاحمت پر شہری زخمی ہوا۔ تھانہ نیوکراچی کی حدود میں منشیات فروشوں میں فائرنگ کے تبادلے کے دوران زد میں آکر ایک راہگیر زخمی ہوا۔ قائد آباد میں مرغی خانہ اسٹاپ پر فائرنگ سے ایک شخص شدید زخمی ہوا۔

لیاری ہنگورا آباد میں گزشتہ روز دو گروپوں میں فائرنگ اور دستی بم حملوں کے بعد دوسرے روز بھی علاقے میں کشیدگی برقرار ہے تاہم قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار کی تعیناتی صرف داخلی اور خارجی راستوں تک محدود نظر آتی ہے۔ آج بھی لیاری آگرہ تاج میں جونا مسجد کے قریب نامعلوم مسلح ملزمان نے فائرنگ کرکے ایک خاتون کو قتل کردیا۔

دوسری جانب رینجرز نے شہر کے مختلف علاقوں میں میمن گوٹھ،کنواری کالونی اور جمعہ گوٹھ سمیت شہر کے متعدد مقامات پر کاروائیاں کرتے ہوئے 7 ملزمان کو حراست میں لیا جن کے قبضے سے 28اقسام کے چھوٹے بڑے ہتھیار برآمد کرلئے۔