دبئی (جیوڈیسک) دبئی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے گئے پلے آف مرحلے کے آخری میچ میں پشاور زلمی نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد کراچی کنگز کو 24 رنز سے شکست دیدی ہے۔ زلمی نے کنگز کو جیتنے کیلئے 182 رنز کا ٹارگٹ دیا، تاہم کراچی کنگز کی ٹیم یہ معرکہ سر نہ کر سکی۔ پشاور زلمی کے باؤلرز نے شاندار گیند بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کراچی کنگز کو رنز بنانے کا موقع نہیں دیا۔
182 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بابر اعظم اور کرس گیل میدان میں اترے تاہم ٹیم کا سکور ابھی 2 رنز تک ہی پہنچا تھا کہ بابر کیچ آؤٹ ہو کر واپس لوٹ گئے۔ جارڈن کی گیند پر وہاب ریاض نے ان کا کیچ لیا۔ اس کے بعد کنگز کا سکور ابھی 19 رنز پر ہی پہنچا تھا کہ کپتان کمار سنگاکارا بھی اونچی شارٹ کھیلنے کی کوشش میں وکٹ دے بیٹھے۔ سنگاکارا نے صرف 15 رنز بنائے۔
وہاب ریاض کی گیند پر سیموئلز نے ان کا کیچ لیا۔ ان کے بعد آنے والے بلے باز شعیب ملک بغیر کوئی رن بنائے چلتے بنے۔ جارڈن کی گیند پر محمد حفیظ نے ان کا خوبصورت کیچ پکڑا۔ اس کے بعد آنے والے بلے باز روی بوپارا بھی زیادہ دیر تک وکٹ پر ٹھہر نہ سکے اور صرف 6 رنز بنا کر محمد حفیظ کی گیند پر سٹمپ آؤٹ ہو گئے۔ چوتھی وکٹ کے نقصان پر کراچی کنگز کا سکور صرف 35 رنز تھا۔
کراچی کنگز کی ٹیم نے انتہائی سست رفتاری سے بلے بازی کرتے ہوئے دسویں اوور میں اپنی نصف سینچری مکمل کی۔ شاہد آفریدی کے اس اوور میں کرس گیل نے لگاتار دو چھکے مار کر گراؤنڈ میں موجود شائقین کو داد دینے پر مجبور کر دیا۔ کنگز کی پانچویں وکٹ 80 رنز پر گری جب وہاب ریاض نے خوبصورت گیند کرکے کرس گیل کو بولڈ کر دیا۔ اس کے بعد آنے والے کھلاڑیوں پولارڈ اور عماد وسیم نے ٹیم کو سہارا دیا اور صرف 25 گیندوں پر 50 رنز کی پارٹنرشپ مکمل کی اور سکور کو 100 رنز سے زائد تک پہنچایا۔
تاہم کنگز کو 142 کے سکور پر بڑا نقصان اٹھانا پڑا جب ان کے اہم بلے باز پولارڈ کیچ آؤٹ ہو گئے۔ وہاب ریاض کی گیند پر وکٹ کیپر کامران اکمل نے ان کا کیچ لیا۔ پولارڈ نے صرف 26 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 4 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 47 رنز کی اننگز کھیلی۔ 144 کے سکور پر عماد وسیم بھی چلتے بنے۔ جارڈن کی گیند پر محمد حفیظ نے ان کا کیچ لیا۔ عماد وسیم نے 24 رنز کی اننگز کھیلی۔ کراچی کنگز کی ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں وکٹوں کے نقصان پر رنز بنائے اور یوں پشاور زلمی کی ٹیم نے شاندار فتح حاصل کرکے فائنل میں رسائی حاصل کر لی، جہاں اب اس کا مقابلہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز سے ہوگا۔ پشاور زلمی کی جانب سے کرس جارڈن اور وہاب ریاض نے 3، 3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ ایک وکٹ محمد حفیظ کے حصے میں آئی۔
اس سے قبل کراچی کنگز کے کپتان کمار سنگاکارا نے ٹاس جیت کر پہلے باؤلنگ کا فیصلہ کیا۔ زلمی کی جانب سے ڈیوڈ میلان اور کامران اکمل میدان میں اترے اور اپنی ٹیم کو ایک اچھا آغاز فراہم کیا۔ دونوں کھلاڑیوں نے باؤلرز کی خوب درگت بنائی اور انھیں لائن لینتھ بھلا دی۔ کراچی کنگز کے باؤلرز دونوں بلے بازوں کے سامنے بے بس نظر آئے۔ پشاور زلمی کی پہلی وکٹ 97 کے سکور پر گری جب ڈیوڈ میلان 36 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔ سہیل خان کی گیند پر بابر اعظم نے ان کا کیچ لیا۔
اس کے بعد کامران اکمل نے جارحانہ بلے بازی جاری رکھی اور صرف 60 گیندوں پر 7 چھکوں اور 6 چوکوں کی مدد سے اپنی سینچری مکمل کی۔ واضح رہے کہ کامران اکمل پی ایس ایل ٹو میں سینچری بنانے والے پہلے بلے باز ہیں۔ میچ کے آخری اوورز میں کامران اکمل رن آؤٹ ہو کر پویلین لوٹے۔ انہوں نے 104 رنز کی یادگار اننگز کھیلی اور شائقین کرکٹ کو خوب لطف اندوز کیا۔ اس کے بعد آنے والے کھلاڑی شاہد آفریدی کوئی جلوہ نہ دکھا سکے اور اونچی شارٹ کھیلنے کی کوشش میں کیچ دے بیٹھے۔ محمد عامر کی گیند پر بابر اعظم نے ان کا کیچ لیا۔ پشاور زلمی کی ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 181 رنز بنائے۔
کراچی کنگز کے باؤلرز کارکردگی نہ دکھا سکے۔ محمد عامر اور سہیل خان صرف ایک، ایک وکٹ ہی حاصل کر سکے۔