کنگز نے سلطانز کو 63 رنز سے ہرا دیا

Shahid Afridi

Shahid Afridi

دبئی (جیوڈیسک) پاکستان سپر لیگ کے میچ میں کراچی کنگز نے ملتان سلطانز کو 63 رنز سے شکست دے دی۔ کراچی نے ملتان کو 189 رنز کا ٹورنامنٹ کا سب سے بڑا ہدف دیا تھا جس کے تعاقب میں ملتان کی ٹیم 125 پر ڈھیر ہوگئی۔

ملتان سلطانز کی جانب سے کمارا سنگاکارا اور احمد شہزاد نے اننگز کا آغاز کیا۔ کمار سنگا کارا 41 کے مجموعی سکور پر محمد عرفان کی گیند پر آؤٹ ہو گئے۔ اس کے بعد جلد ہی دوسری اور تیسری وکٹ بھی گر گئی۔ ٹاپ آرڈر کے آؤٹ ہوجانے کے بعد ملتان سلطانز کے مڈل آردڑ بلے بازوں کی شاہد آفریدی کے سامنے ایک نہ چلی اور شعیب ملک 6، پولارڈ 3 اور سیف بابر 13 رنز بنا کر آؤٹ ہوگے۔ شاہد آفریدی کی عمدہ بولنگ نے کراچی کنگز کو فتح کے قریب لاکھڑا کیا۔

ملتان سلطانز کی ساری ٹیم 19.4 اوورز میں 125 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ شاہد آفریدی نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے چار اوورز میں 18 رنز دے کر 3 وکٹیں لیں۔ اس کے علاوہ محمد عرفان جونیئر نے دو جبکہ عماد وسیم، محمد عامر، اور عثمان شنواری نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

پاکستان سپرلیگ کے تیسرے ایڈیشن کے 22 ویں میچ میں ملتان سلطانز نے ٹاس جیت کر کراچی کنگز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے کراچی کنگز نے مقررہ 20اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 188رنز بنائے۔ جوئے ڈینلے نے 78 رنز کی اننگزکھیلی، بابراعظم نے ٹیم کے ٹوٹل میں 58 رنز کا اضافہ کیا۔ کولن انگرام نے 8 گیندوں پر جارحانہ بلے بازی کرتے ہوئے 29 رنز بنائے۔ ملتان سلطانز کی جانب سے ہرڈس ولجون نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

ملتان سلطانز کے 9 میچز میں 9 پوائنٹس ہیں جبکہ کراچی کنگز8 میچز میں 9 پوائنٹس کے ساتھ پوائنٹ ٹیبل پر دوسرے نمبر پر ہے۔

کراچی کنگز کی ٹیم میں شاہد آفریدی، عماد وسیم، محمد عامر، روی بوپارہ، بابر اعظم، کولن انگرم، سیف اللہ بنگش اور عثمان میر جیسے سپر اسٹارز تھے۔

ٹیم ملتان سلطانز کے کپتان شعیب ملک، جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں احمد شہزاد، کیرون پولارڈ، کمار سنگا کارا، صہیب مقصود اور ڈیرن براوو، ورلڈ کلاس اسپنر عمران طاہر ، پاکستانی فاسٹ بولرز محمد عباس، عمرگل، محمد عرفان، جنید خان اور سہیل تنویر شامل تھے۔