کراچی : بلدیہ کورنگی کے تحت محرم الحرام کے انتظامات مکمل امام بارگاہوں کے اطراف اور جلوسوں کے روٹس پر صفائی وستھرائی ،روشنی کے انتظامات کی بہتری کے ساتھ جلوسوں کے روٹس سے تجاوزات اور رکاوٹوں کے خاتمہ کرکے سڑکوں اور گلیوں سمیت جلوسوں کے روٹس پر پارکنگ کی ممانعت کردی گئی۔
عزاداران کو بروقت سہولت کی فراہمی کے لئے بلدیہ کورنگی کی جانب سے ماتمی جلوسوں کے روٹس پر سبیل اور استقبالیہ کیمپ قائم کردیئے گئے ۔چیئر مین بلدیہ کورنگی سید نیئر رضا اور وائس چیئر مین رکن الدین تاج نے بلدیہ کورنگی کے تمام محکموں کے افسران کو ہدایت کی ہے کہ عشرہ محرم الحرام کے دوران بلدیاتی سہولیات کی فراہمی میں کسی بھی قسم کی کوتاہی نہ برتی جائے محکمانہ غفلت اور لاپرواہی کو قطعی برداشت نہیں کیا جائے گا۔
ان خیالات کا اظہار بلدیہ کورنگی کے منتخب سربراہان نے حق پرست رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری کے ہمراہ امامیہ امام بارگاہ سادات کالونی سے برآمد ہونے والے ماتمی جلوس کی قیادت کرتے ہوئے منتظمین سے گفتگو کرتے ہوئے کیا اس موقع پر یونین کمیٹیز کے چیئر مین ،وائس چیئر مین اور کونسلرز کے علاوہ بلدیہ کورنگی کے محکمہ جاتی سربراہان بھی موجود تھے اس موقع پر جلوس کے شرکاء اور عزادار تنظیموں نے عشرہ محرم الحرام کے دوران محافل و مجالس اور جلوسوں کے روٹس سمیت مساجد وامام بارگاہوں کے اطراف مثالی بلدیاتی انتظامات پر منتخب نمائندوں کے تعریف کی اس موقع پر حق پرست رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے منتظمین کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے بلدیاتی انتظامات کی انجام دہی میں بلدیہ کورنگی کے منتخب نمائندوں سے اپنے تعاون کو برقرار رکھا انہوں نے اپیل کی باہمی اتحاد و بھائی چارگی کے ذریعے فرقہ ورانہ ہم آہنگی کو فروغ دیا جائے۔