کراچی: کورنگی کراسنگ کے قریب رکشے میں دھماکا، 1 جاں بحق، 6 افراد زخمی

Karachi

Karachi

کراچی (جیوڈیسک) کراچی کے علاقے کورنگی کراسنگ کے قریب رکشے میں دھماکے سے ایک شخص جاں بحق جبکہ 6 افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔

ریپڈ رسپانس فورس کا ٹرک پولیس اہلکاروں کو بلاول ہائوس سے واپس لے کر آ رہا تھا کہ کورنگی کراسنگ کے قریب اچانک ٹرک کے قریب سے گزرنے والے رکشے میں دھماکا ہو گیا۔

ریپڈ رسپانس فورس کے ٹرک میں 15 اہلکار سوار تھے۔ دھماکے سے زخمی ہونے والوں میں ایک پولیس اہلکار بھی شامل ہے۔ دھماکا اس قدر شدید تھا کہ اس سے قریبی عمارتوں کے شیشے بھی ٹوٹ گئے۔ دھماکے کے بعد کورنگی کراسنگ روڈ ٹریفک کیلئے بند کردی گئی ہے۔

ڈی آئی جی ایسٹ منیر شیخ کے مطابق دھماکے میں پولیس ٹرک کو نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی تھی۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق ایک موٹر سائیکل اچانک رکشا سے ٹکرائی جس کے بعد دھماکا ہوگیا۔ تحقیقات کر رہے ہیں کہ دھماکا خیز مواد نصب تھا یا پھینکا گیا۔

دہشتگردی کے واقعہ کی اطلاع ملتے ہی قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار، رینجرز اور امدادی ٹیمیں جائے حادثہ پر پہنچ گئیں اور ایمبیولینسوں کے ذریعے دھماکے میں زخمی افراد کو ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں انھیں طبی امداد دی جا رہی ہے۔ دھماکے میں زخمی ایک شخص کے جاں بحق ہونے کی اطلاعات ہیں۔