کراچی : کورنگی میں فوج کے ٹرک پر حملہ، ایک اہلکار اور شہری شہید، 23 زخمی

Karachi

Karachi

کراچی (جیوڈیسک) کراچی کے علاقے کورنگی نمبر 5 میں پاک فوج کے قافلے کے قریب دھماکے کے نتیجے میں ایک فوجی اہلکار اور شہری جاں بحق جبکہ 10 فوجی اہلکاروں سمیت 23 افراد زخمی ہوگئے۔ علاقے سے ملنے والے ایک اور بم کو ناکارہ بنا دیاگیا۔ کورنگی نمبر 5 میں رینجرز ہیڈ کوارٹر کے سامنے دھماکا اس وقت کیا گیا جب فوجی ٹرک وہاں سے گزررہا تھا، دھماکے کی آوازشہر کے مختلف علاقوں میں سنی گئی، اطلاع ملتے ہی پولیس، رینجرز اور پاک فوج کے جوانوں نے موقع پر پہنچ کر حادثے کی جگہ کو گھیرے میں لے لیا۔

اس دوران ریسکیو اہلکاروں نے زخمیوں کو فوری طور پراسپتال پہنچایا۔ جناح اسپتال انتظامیہ کے مطابق دھماکے میں ایک فوجی اہلکار طارق سمیت دو افراد جاں بحق ہو گئے۔ ترجمان آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ دھماکے کے وقت فوجی اہلکارپ ولنگ اسٹیشنز سے اپنی ڈیوٹی ختم کرکے واپس آرہے تھے کہ انھیں نشانہ بنایا گیا، دوسری جانب کالعدم تحریک طالبان نے کورنگی دھماکے کی ذمے داری بھی قبول کر لی ہے۔ بم ڈسپوزل اسکواڈ کے مطابق دھماکے کے مقام سے ایک اور بم بھی ملا، 8 سے 10 کلو گرام وزنی بم کے ساتھ دو ڈیٹونیٹرز منسلک کیے گئے تھے۔

جس کے بارودی مواد میں امونیم نائٹریٹ بھی شامل ہے، ناکارہ بنائے گئے بم سے بڑی تعداد میں بال بیرنگ بھی ملے ہیں۔ کراچی پولیس چیف غلام قادر تھیبوکا کہنا تھا کہ ضمنی انتخابات کے موقع پر کراچی بڑی تباہی سے بچ گیا کیونکہ پہلا دھماکا کرکے بڑی تعداد میں لوگوں کو جمع کرنا اور دوسرا فالواپ بلاسٹ کرکے زیادہ جانی نقصان پہنچانا دہشت گردوں کی منصوبہ بندی کا حصہ تھا۔