اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیر برائے سرحدی امور عبدالقادری بلوچ کا کہنا ہے کہ فاٹا کے بعد کراچی، لاہور اور اسلام آباد سمیت ملک کے دیگر اہم شہروں میں بھی دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کیا جائے گا۔
عبدالقادر بلوچ کا کہنا تھا کہ وزیرستان میں دہشت گردوں کے خلاف جنگ 1965 اور اور 1971 میں بھارت کے خلاف ہونے والی جنگوں سے زیادہ اہم ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کی پناگاہیں تباہ کی جاچکی ہیں، دہشت گردی سے ملک کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا لہذا اس جنگ میں ناکامی کی کوئی گنجائش نہیں۔
عبدالقادر بلوچ نے کہا کہ پہلے فاٹا سے ملک دشمن عناصر کا خاتمہ کیا جائے گا جس کے لئے پاک فوج کا آپریشن جاری ہے اس کے بعد دوسرے شہروں میں بھی دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کیا جائے گا۔
آپریشن ضرب عضب کا کوئی ٹائم فریم نہیں دیا جاسکتا کیوں کہ دہشت گردوں کے خلاف مرحلہ وار آپریش کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شمالی وزیرستان سے نقل مکانی کر کے آنے والے 10 لاکھ متاثرین کی رجسٹریشن کی جا چکی ہے۔