کراچی: جامعہ بنوریہ عالمیہ کے رئیس وشیخ الحدیث مفتی محمد نعیم نے کراچی تالاہور موٹروے کے افتتاح کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہاکہ یہ اقدام ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کیلئے سنگ میل ثابت ہوگا، ترقیاتی کاموں کے ساتھ ساتھ بدامنی ، مہنگائی ، بیروزگاری کے خاتمے پر بھی توجہ دی جائے،امن وامان کے پائیدار قیام کیلئے اختلافات کو بھول کر محمود عیاض کو ایک صف میں لاکھڑا کرنا ہوگا،ذاتی اختلافات وعناد کی سیاست ملک کو نقصان پہچارہی ہے چوری، راہزنی اور دیگر جرائم کی سب سے بڑی وجہ بھی مہنگائی اور بیروز گاری ہے۔
جمعرات کو جامعہ بنوریہ عالمیہ سے جاری بیان میں مفتی محمد نعیم نے کہاکہ حکومت کے اچھے اقدامات کی تعریف کرنی چاہیے ،ِحکومت نے موٹروے کا افتتاح کرکے کراچی کی عوام کو ایک اچھا تحفہ دیا ہے اس کو پایہ تکمیل تک پہنچانا اب حکومت کی ذمہ داری ہے، انہوںنے کہاکہ کراچی میں عامة الناس اورعلماء کرام کی ٹاگٹ کلنگ قانون نافذکرنے والے اداروں کیلئے چیلنج بن چکی ہے جس پرفوری قابو پاناانتہائی ضروری ہے،بدامنی اور لوڈشیڈنگ کی وجہ سے تاجرو صنعت کار اپنے کابارو باروصنعتوں کو بیرون ممالک منتقل کرنے پر مجبور ہورہے ہیںجو بیروزگاری بڑھنے کی ایک بڑی وجہ ہے۔
غریب غربت کی لکیر سے نیچے زندگی گذارنے پر مجبور ہورہے ہیںانہوںنے کہاکہ چوری ڈکیتی،قتل وغارت گری،ٹاگٹ کلنگ اورآگ وخون کی ہولیاں کھیلی جاتی رہیں ہیں جن پرقانون نافذکرنے والوں کی نقل وحرکت واجبی سی رہی ہے،جسکی وجہ سے آج ملک میں بدامنی سب سے بڑا چیلنج بن چکی ہے، انہوں نے کہاکہ مل کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے ترقیاتی کاموں کے ساتھ ساتھ غربت وبے روزگاری کے خاتمے پر بھی توجہ دینے کی ضرورت ہے ،ملک میں بیروزگاری اور غربت کا بڑھتاہوا گراف ملک کے مستقبل کیلئے شدید خطرات کا باعث بن سکتاہے ، حکومت فی الفور مہنگائی کے خاتمے پر بھی توجہ دے،انہوں نے مطالبہ کیاکہ اشیاء خورونوش کی قیمتوں میں کمی کی جائے تاکہ غریب کو بھی ایک وقت کی روٹی میسر آسکے۔