کراچی (جیوڈیسک) اہل سنت والجماعت کے سربراہ مولانا احمد لدھیانوی نے کہا ہے کہ ملک میں حقیقی تبدیلی تبھی آسکتی ہے جب نظام محمدی نافذ ہوگا۔ اہل سنت والجماعت ملک بھر سے بلدیاتی الیکشن میں حصہ لے گی کراچی کے علا قے لانڈھی میں اہل سنت والجماعت کے تحت ختم نبوت کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔
تنظیم کے سربراہ مولانا احمد لدھیانوی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حضور پاک صلی اللہ علیہ وسلم نے محبت، امن اور رواداری کا سبق دیا۔ ملک اور معاشرے کی ترقی کے لئے امن اور انصاف بنیادی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اہل ست والجماعت کا دہشت گردی سے کوئی تعلق نہیں ہے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اہل سنت والجماعت کے مرکزی ترجمان مولانا اورنگزیب فاروقی کا کہنا تھا کہ اللہ تعالیٰ نے حضور اقدس صلی اللہ علیہ وسلم کو تمام جہانوں کے لئے رحمت بنا کر بھیجا۔ ان کا غلام ہونے کے ناطے سب کو ایک دوسرے کی عزت ، جان اور مال کے تقدس کا احترام کرنا چاہیے۔