کراچی (جیوڈیسک)کراچی کے علاقے لانڈھی میں کیبل آپریٹر کے دفتر کے باہر دھماکا ہوا ،جس کے نتیجے میں پولیس اہلکار سمیت 3 افرادجاں بحق اور6 زخمی ہوگئے۔ تفتیشی حکام کے مطابق دھماکا ریموٹ کنٹرول ڈیوائس کے ذریعے کیا گیا۔ پولیس کے مطابق لانڈھی کے علاقے مظفر آباد کالونی میں دکان میں قائم مقامی کیبل آپریٹر کے دفتر کو نشانہ بنایا گیا، دھماکے کے نتیجے میں 3 افراد ہلاک اور 6 زخمی ہو ئے، عینی شاہدین اور زخمیوں نے جیو نیوز کوبتایا کہ آفس کے باہر کپڑے کے تھیلے میں رکھاگیا بم پھٹنے سے دھماکا ہوا۔
ڈی آئی جی ایسٹ نعیم اکرم بروکا کے مطابق ہلاک ہو نے والوں میں ایک پولیس اہلکار طاہر شاہ بھی شامل ہے۔ ایس ایس پی راجہ عمر خطاب نے میڈیاسے گفتگومیں کہا کہ دیسی ساختہ بم دھماکا ریموٹ کنٹرول کے ذریعے کیاگیا۔ بم ڈسپوزل اسکواڈ کا کہنا ہے کہ دھماکے کے مقام سے نٹ بولٹ اور بال بیئرنگز ملے ہیں، آئی ای ڈی میں 2 سے ڈھائی کلو گرام دھماکا خیز مواد استعمال کیا گیا۔ لاشوں اور زخمیوں کو جناح اسپتال منتقل کردیا گیاہے۔