کراچی (جیوڈیسک) کراچی کے علاقے لانڈھی میں فائرنگ کر کے 4 افراد کو ہلاک جبکہ ایک کو زخمی کردیا گیا۔ پولیس کے مطابق فائرنگ کا واقعہ ذاتی دشمنی کی بنیاد پر پیش آیا۔ لانڈھی میں لیبر اسکوائر کے قریب رہائشی فلیٹس میں گھس کر موٹرسائیکل سوار ملزمان نے فائرنگ کردی ، فائرنگ سے 5 افراد زخمی ہوگئے ۔ زخمیوں میں سے 3 افراد اسپتال منتقل کرتے ہوئے راستے میں دم توڑ گئے جبکہ ایک زخمی اسپتال میں زندگی کی بازی ہار گیا، ہلاک ہونے والوں میں سے دو کی شناخت محمد یونس اور علی اکبر کے نام سے ہوئی ہے۔
رابطے پر پولیس حکام نے جیو نیوز کو بتایا کہ ابتدائی طور پر واقعہ ذاتی دشمنی کا نتیجہ لگتا ہے اور اس سلسلے میں مزید تفتیش کی جارہی ہے۔ادھرکراچی کے علاقے لیاری میں رینجرز سے مقابلے میں کالعدم تنظیم کا ایک مبینہ دہشتگرد ہلاک ہو گیا، ثمن آباد میں شہری نے فائرنگ کر کے مبینہ ڈاکو کو ہلاک کردیا جبکہ اس کے ساتھی کو شہریوں نے شدید تشدد کا نشانہ بنایا۔
گلشن اقبال بلاک تین میں بھی پولیس مقابلے کے بعد ایک ملزم کو گرفتار کر کے اس کے قبضے سے اسلحہ اور چھینی گئی موٹرسائیکل برآمد کرلی،مقابلے کے دوران فائرنگ سے ایک گولی ہاتھ میں لگنے سے ایک بچی معمولی زخمی ہوگئی جبکہ ملزم کے دیگر دو ساتھی فرار ہوگئے۔