کراچی (جیوڈیسک) وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کا کہنا ہے کہ ڈھیلے ڈھالے انداز میں کراچی کے حالات ٹھیک نہیں ہو سکتے، قانون نافذ کرنے والے اداروں نے یقین دہانی کرائی ہے ماحول سازگارملے تو کراچی میں جلد امن قائم ہوسکتا ہے۔ وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان نے اپنے دورہ کراچی کے دوران مسلم لیگ فنکشنل کے سربراہ پیر صاحب پگارا سے بھی ملاقات کی۔
ذرائع سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیرداخلہ نے بتایاکہ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے یقین دہانی کرائی ہے کہ اگر درست ماحول ملے توکراچی میں ہفتوں یا مہینوں میں نہیں بلکہ جلد امن ممکن ہے۔ان کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت آگے بڑھے وفاقی حکومت اس کا ساتھ دے گی۔وفاقی وزیر داخلہ نے وزیراعلی سندھ کے ہمراہ اجلاس کی صدارت کی اور بعد میں گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العبادخان سے بھی ملاقات کی۔ اور انہیں وزیراعظم نوازشریف کی جانب سے الطاف حسین کیلئے نیک خواہشات کا پیغام پہنچایا۔
چوہدری نثار نے مسلم لیگ ن کے رہ نماوں سے بھی ملاقات کی اور ان سے لیاری کے بارے میں دریافت کیا؟ جس پرمسلم لیگی رہنماوں نے بتایا کہ عید سے قبل کراچی میں بھتوں کی پرچیوں کی بھرمار کردی گئی ہے۔ذرائع کے مطابق اس موقع پر چوہدری نثار کا کہنا تھا کہ شہریوں کو دہشت گردوں کے رحم وکرم پر نہیں چھوڑ سکتے۔
امن کیلئے تمام اقدامات کریں گے۔ اس سے قبل کراچی آمد کے بعد ایئرپورٹ پر ذعائع سے گفتگو میں چوہدری نثار کا کہنا تھا کہ ڈھیلے ڈھالے انداز میں کراچی کے حالات ٹھیک نہیں ہو سکتے۔ ایک سوال پر چوہدری نثار نے بتایا کہ ایک دور وزمیں مسلم لیگ ن کے صدارتی امیدوار کے نام کا اعلان کر دیا جائے گا۔