کراچی میں امن بحال کرکے دم لیں گے، وزیراعلی سندھ قائم علی شاہ

Qaim Ali Shah

Qaim Ali Shah

کراچی (جیوڈیسک) وزیر اعلی سندھ سید قائم علی شاہ نے کہا ہے کہ کراچی میں دہشت پھیلانے والوں کو ڈھونڈ لیا ہے، کئی پکڑ لئے، مزید کو بھی پکڑ لیں گے اور شہر میں امن بحال کر کے دم لیں گے۔ جمہوریت کے 5 سال کا سفر کامیابی سے طے کرنے پر کراچی میں سابق صدر آصف علی زرداری کو خراج تحسین پیش کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلی سندھ کا کہنا تھا کہ مخالفین نے پیپلز پارٹی کے خلاف ہر طرح کی سازشیں کیں مگر آصف علی زرداری نے سب کو مات دی۔

وزیر اعلی سندھ نے مزید کہا کہ کراچی آدھا پاکستان ہے، کراچی کے امن کیلئے کسی بھی اقدام سے گریز نہیں کیا جائے گا، کسی کو ٹارگٹڈ آپریشن پر اعتراض ہے تو عدالت کا رخ کریں، عدالتیں مکمل آزاد ہیں۔ سید قائم علی شاہ کا کہنا تھا کہ آصف علی زرداری اور پیپلز پارٹی نے ملک اور جمہوریت کی خاطر وفاق کو سپورٹ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔