کراچی (جیوڈیسک) کراچی کے علاقے ایف سی ایریا میں ایک دکان پر فائرنگ کر کے 2 افراد کو قتل کر دیا گیا۔ ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی نے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ علما، پروفیسروں، وکلا اور دکانداروں کوچن چن کرقتل کیا جارہا ہے۔
پولیس کے مطابق ایف سی ایریا میں نامعلوم افراد نے نائی کی دکان پر فائرنگ کردی جس سے 2 افراد زخمی ہوئے۔ زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ دم توڑ گئے۔ دونوں کی شناخت 40 سالہ اشرف اور 50 سالہ حمید کے نام سے ہوئی ہے۔
پولیس کے مطابق دونوں کو ٹارگٹ کر کے قتل کیا گیا، مزید تحقیقات جاری ہیں۔ جاں بحق ہونے والے افراد آپس میں رشتے دار بتائے جاتے ہیں۔ ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی نے اظہار مذمت کرتے ہوئے کہا ہے۔
کہ لیاقت آباد فائرنگ کا واقعہ فرقہ وارانہ ٹارگٹ کلنگ کا تسلسل ہے۔ کالعدم تنظیموں کے دہشت گرد علما، پروفیسروں، وکلاء اور دکانداروں کو چن چن کر قتل کر رہے ہیں اور شہریوں کے قتل میں ملوث ملزمان کو گرفتار نہیں کیا جارہا ،ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کا کہنا ہے کہ عوام فرقہ وارانہ ہم آہنگی برقرار رکھیں اور شہریوں کو فرقہ وارانہ بنیاد پر آپس میں لڑانے کی سازشیں ناکام بنادیں۔