کراچی (جیوڈیسک) کراچی کے مختلف علاقوں میں ہلکی اور تیز بارش نے موسم خوشگوار کردیا ہے ۔ بارش کے سبب شہر کے بلدیاتی اداروں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی۔ کراچی شہر میں کہیں تیز تو کہیں ہلکی بارش برسی تو گرمی اور حبس کا زور ٹوٹ گیا۔ رم جھم برستی بارش نے موسم خوشگوار کردیا ہے۔ نارتھ کراچی، سرجانی، ناگن چورنگی، گلستان جوہر، سائٹ ایریا اور دیگر علاقوں میں بھی پھوار برسی تو شہریوں کے چہرے کھل اٹھے۔
خوبصورت موسم کے ساتھ ساتھ ہلکی بارش سے سڑکوں پر پھسلن سے موٹر سائیکل سواروں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ صوبائی وزیر سید اویس مظفر نے بارش کے سبب کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کے لئے متعلقہ اداروں میں رین ایمرجنسی نافذ کردی ہے اور ہدایت کی کہ نکاسی اور صفائی کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔