کراچی روشنیوں کا شہر تھا اسے ایک منظم سازش کے تحت تباہ وبرباد کرنے کی سازش کی گئی

karachi

karachi

کراچی : عوام ووٹ کے صحیح استعمال سے شہر کی تقدیر بدلنے میں اپنا کردار ادا کریں۔ چمکتا، دمکتا کراچی خوشحال پاکستان کا ضامن ہے۔ 5 دسمبر کو عوام بے خوف ہوکر گھروں سے نکلیں اور بلے اور ترازو پر مہر لگائیں۔ ان خیالات کا اظہار یونین کونسل 18 سے وائس چیئرمین کے امیدوار نزاکت عباسی، جماعت اسلامی کے وارڈ 2 سے جنرل کونسلر کے امیدوار مصطفی کرانی اور وارڈ 3 سے جنرل کونسلر کے امیدوار محبوب علی نے ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

ریلی الفلاح مسجد، بلاک A، نارتھ ناظم آباد سے شروع ہوئی اور قادری مارکیٹ، عباس مارکیٹ، بلاک C، بلاک E، حیدری سے ہوتی ہوئی بورڈ آفس پر اختتام پذیر ہوئی، ریلی میں بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔ انہوں نے مزید کہا کہ کراچی روشنیوں کا شہر تھا اسے ایک منظم سازش کے تحت تباہ وبرباد کرنے کی سازش کی گئی۔

دہشت گردی اور بدامنی کو فروغ دیا گیا مگر اب وقت آگیا ہے کہ کراچی کے عوام اپنے ووٹ کی طاقت سے کراچی کی تقدیر کو بدل دیں۔ جماعت اسلامی اور تحریک انصاف شہر کو تعمیر وترقی کی راہ پر گامزن کرسکتی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ جماعت اسلامی اور تحریک انصاف کے اتحاد اور اشتراک سے شہر میں ایک تحرک پیدا ہوگیا ہے اور اب تبدیلی کے اس عمل کو کوئی نہیں روک سکتا ۔ہمارے منشور میں قیام امن اولین ترجیح ہے۔

سندھ حکومت کا لوکل باڈیز کا قانون کراچی کی شہری حکومت کے لیے ناکافی ہے ۔ہم کراچی کی شہری حکومت آزاد اور خودمختار بنائیں گے کراچی کو دنیا کے میٹرو پولیٹن شہروں کی طرح اختیارات دلائیں گے ۔پانی کے مسئلے کے لیے K4شروع کریں اور K5کو بھی یقینی بنائیں گے ۔ٹرانسپورٹ کا مسئلہ حل کریں گے اور شہر کے انفرااسٹریکچر کو بہتر بنائیں گے، عوام 5 دسمبر کو جماعت اسلامی اور تحریک انصاف کے امیدواروں کو کامیاب کروا کر کراچی کی ترقی میں اپنا کردار ادا کریں۔