لیاری (اصل میڈیا ڈیسک) کراچی کے مختلف علاقوں میں غیراعلانیہ اور اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے جس کے باعث شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔
لیاقت آباد، لیاری، فیڈرل بی ایریا، گلستان جوہر، شاہ فیصل کالونی، کیماڑی، گلشن اقبال سمیت شہر کے دیگر حصوں میں کے الیکٹرک کی جانب سے اعلانیہ اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے۔
گرم موسم میں بجلی کی بندش سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے جب کہ نارتھ کراچی، گلستان جوہر، لیاقت آباد اور کیماڑی کے مختلف علاقوں میں بھی رات گئے بجلی کی فراہمی معطل ہوئی۔
کے الیکٹرک کی جانب سے شہر میں لوڈ شیڈنگ سے مستثنیٰ علاقوں میں بھی دن میں 2 سے 3 بار ایک ایک گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے۔
ترجمان کے الیکٹرک کے مطابق نیشنل گرڈ کے جامشورو گرڈ اسٹیشن میں آگ لگنے کے باعث کراچی کی بجلی بھی متاثر ہوئی تھی تاہم کراچی کو نیشنل گرڈ اسٹیشن سے بجلی کی سپلائی مکمل طور پر بحال ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ کراچی کو اب 650 میگا واٹ بجلی مل رہی ہے۔
دوسری جانب ترجمان این ٹی ڈی سی کے مطابق کراچی کو معمول کی سپلائی جاری ہے اور آگ سے فرق نہیں پڑا تھا۔
ترجمان کے الیکٹرک نے گزشتہ روز مستثنیٰ علاقوں میں لوڈ شیڈنگ نہ کرنے کا بھی دعوی کیا تھا۔