کراچی (اصل میڈیا ڈیسک) شہر قائد میں لاک ڈاؤن اور شادی پر پابندی کے باوجود ڈیفنس میں رکن قومی اسمبلی کی بیٹی کے ولیمے کی تقریب منعقد کی گئی۔
کراچی کے علاقے ڈیفنس خیابان راحت میں لاک ڈاؤن اور پابندی کے باوجود ایم این اے اسلم خان کی بیٹی کے ولیمےکی تقریب منعقد کی گئی جس میں لاک ڈاؤن اور ایس او پیز کی دھجیاں اڑائی گئیں۔
جیو نیوز سے گفتگو میں ایم این اے اسلم خان نے بتایا کہ کورونا وبا کی وجہ سے کوئی بڑی تقریب نہیں رکھی گئی، گھر پر تقریب میں شرکت کے لیے خاندان اور قریبی عزیز و اقارب کو دعوت دی گئی تھی۔
اسلم خان کے گھر میں تقریب کے حوالے سے علاقہ پولیس،ضلعی انتظامیہ اور ڈی ایچ اے انتظامیہ لاعلم رہی اور تقریب میں شرکت کے لیے آنے والے مہمانوں نے گھر سے ملحقہ سڑک پر ہی پارکنگ کی۔
واضح رہے کہ سندھ حکومت نے ہر قسم کی تقریبات پر کورونا ایس اوپیز کے تحت پابندی لگارکھی ہے تاہم اس تقریب میں بڑی تعداد میں شریک افراد کی جانب سے کورونا ایس او پی کی خلاف ورزی دیکھنے میں سامنے آئی۔
اس سے قبل رواں سال 6 جون کو بھی ایم این اے اسلم خان گھرپر شادی کی تقریب منعقد کرکے حکومتی احکامات کی خلاف ورزی کرچکے ہیں۔