سندھ (اصل میڈیا ڈیسک) وزیر اطلاعات سندھ ناصر حسین شاہ کا کہنا ہے کہ کراچی میں لاک ڈاؤن کی صورتحال نہیں، کورونا کے پیش نظر حکومت کے تمام اقدامات احتیاطی تدابیر ہیں۔
وزیر اطلاعات سندھ ناصر حسین شاہ کا کہنا تھا کہ کراچی میں لاک ڈاؤن سے متعلق سوشل میڈیا پر چلنے والی خبروں میں صداقت نہیں، افواہیں پھیلانے والوں کے خلاف سائبر کرائم ایکٹ کے تحت کارروائی کریں گے۔
وزیر اطلاعات سندھ نے مزید کہا کہ عوام اطمینان رکھیں، صوبائی حکومت تمام مسائل حل کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔
صوبہ سندھ کے شہر کراچی سے گزشتہ روز کووڈ-19 کا ایک اور کیس سامنے آیا، محکمہ صحت سندھ کے مطابق متاثرہ مریض کچھ دن قبل سعودی عرب سے کراچی پہنچا تھا اور علامات ظاہر ہونے پر ٹیسٹ کیا گیا جو مثبت آیا ہے۔
وائرس سے بچاؤ کے لیے سخت اقدامات کرتے ہوئے حکومت سندھ نے تین ہفتے تک صوبے بھر میں ایمرجنسی نافذ کرنے کا اعلان کیا ہے۔
سندھ حکومت کی جانب سے جلسے، جلوس، اجلاس، مجالس، عرس، برسی اور کھیلوں کی سرگرمیوں پر پابندی لگادی گئی۔
تقریبات یا اجتماعات کے لیے بھی اجازت نامے منسوخ کردیے گئے ہیں جب کہ تعلیمی ادارے بھی بند رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
شادی ہالز بند اور سنیما گھروں میں فلموں کی نمائش پر پابندی عائد کردی گئی ہے اس کے علاوہ پکنک اسپاٹس، پبلک پارکس، ساحل سمندر، واٹر پارکس، پلے لینڈز، جمنازیم، سوشل کلبس میں بھی تقریبات کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔
اس کے علاوہ صوبے بھر میں درس گاہیں، مدارس اور مزارات بھی عارضی طور پر بند کرنے کے احکامات جاری کر دیئے گئے ہیں۔
گزشتہ روز اسلام آباد میں ایک اور کراچی میں کورونا وائرس کے مزید 2 کیسز سامنے آنے کے بعد ملک میں مریضوں کی مجموعی تعداد 31 ہو گئی ہے جب کہ دو مریض صحتیاب ہو چکے ہیں۔