کراچی (جیوڈیسک) سپر ہائی وے پر جمالی گوٹھ میں مسلح افراد نے گھر میں ایک شخص اور اس کے ڈیڑھ سالہ بیٹے کو قتل کردیا۔
کراچی میں سپر ہائی وے پر جمالی گوٹھ میں نامعلوم افراد نے ایک گھر میں گھس کر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں مومن نامی شخص جاں بحق اور اس کی بیوی بخت بی بی زخمی ہو گئے، ملزمان نے گھر میں موجود ڈیڑھ سالہ بچے کو بھی گلا گھونٹ کر مار دیا۔
بچے کی شناخت صبیح اللہ کے نام سے ہوئی ہے۔ امدادی ٹیموں کے اہکاروں نے فائرنگ کے نتیجے میں زخمی ہونے والے خاتون کو جناح اسپتال منتقل کیا جہاں ڈاکٹرز کے مطابق اس کی حالت تشویشناک ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ابتدائی طور پر واقعہ دیرینہ دشمنی کا شاخسانہ معلوم ہوتا ہے تاہم واقعہ کا مقدمہ درج کر کے تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔