لیاری (اصل میڈیا ڈیسک) کراچی کے علاقے لیاری میں گرنے والی رہائشی عمارت کے ملبے سے مزید 4 افراد کی لاشیں نکال لی گئیں جس کے بعد حادثے میں جاں بحق افراد کی تعداد 22 ہو گئی ہے۔
لیاری کے علاقے نیا آباد میں چند روز قبل گرنے والی عمارت کا ملبہ ہٹائے جانے کا کام تاحال جاری ہے اور ریسکیو ٹیموں کی جانب سے اندر کسی انسان کی موجودگی کی وجہ سے احتیاط کے ساتھ سامان اٹھایا جا رہا ہے۔
ریسکیو حکام کے مطابق عمارت کے ملبے سے رات سے اب تک مزید 4 افراد لاشیں نکالی جا چکی ہیں، اور اب تک مجموعی طور پر 22 افراد کی لاشیں نکالی جا چکی ہیں۔
ریسکیو آپریسن میں پاک آرمی، رینجرز پولیس اور مختلف امدادی ادارے حصہ لے رہے ہیں۔ امداری ٹیموں کے مطابق عمارت کے ملبے سے تمام لاشوں کو نکال لیا گیا ہے، مزید کوئی لاش ہے یا نہیں، احتیاطی طور پر دیکھا جارہا ہے۔
ڈی جی رینجرز نے بھی جائے وقوع کا دورہ کیا اور ریسکیو آپریشن میں حصہ لینے والے افسران، اہلکاروں اور ریسکیو ورکرز کی کوششوں کو سراہا۔
دوسری جانب حادثے میں جاں بحق تین بھائیوں اور ایک بچی سمیت 6 افراد کی نماز جنازہ لیاری کھڈہ مارکیٹ کی مسجد میں ادا کی گئی، جس کے بعد انہیں مقامی قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا۔
خیال رہے کہ لیاری میں گرنے والی رہائشی عمارت میں 40 فلیٹ تھے جب کہ عمارت پر پینٹ ہاؤس بھی تعمیر کیا گیا تھا۔