کراچی (جیوڈیسک) کراچی کے علاقے لیاری اور نیپئر میں 2 مبینہ مقابلوں میں 3 گینگ وار ملزمان مارے گئے ہیں جبکہ صدر میں ایمپریس مارکیٹ کے قریب گاڑی پر فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہو گیا۔ایس پی لیاری کے مطابق لیاری کے علاقے سیفی لین میں رینجرز اور پولیس کے مشترکہ مقابلے کے دوران مارے جانے والے دونوں ملزمان کا تعلق گینگ وار کے شیراز کامریڈ گروپ سے تھا
ملزمان کے نام ماجد عرف اسٹیل اور اختر ہیں، اور ان کے قبضے سے اسلحہ اوردستی بم بھی برآمد ہوا ہے، ملزمان پولیس کو اغوا برائے تاوان کی وارداتوں میں مطلوب تھے۔ دوسری جانب ایس پی سٹی شیراز نذیر نے بتایا کہ اولڈ سٹی ایریا کے علاقے نیپئر میں پولیس مقابلے کے دوران گینگ وار کا ملزم کاشف عرف موٹا مارا گیا، ایس پی سٹی شیراز نذیر نے بتایا کہ ملزم کا تعلق سہیل ڈاڈا گروپ سے تھا،وہ ٹارگٹ کلنگ اور بھتہ خوری کی کئی وارادتوں میں ملوث تھا۔
پریڈی تھانےکی حدود میں واقع صدرایمپریس مارکیٹ کے قریب نامعلوم افراد نے کارپرفائرنگ کردی جس کے نتیجے میں کار میں سوار آصف نامی شخص جاں بحق ہو گیا۔ پولیس کے مطابق واقعہ ٹارگٹ کلنگ کا نتیجہ ہے۔مقتول آصف مجلس وحدت مسلمین کا کارکن تھا۔