کراچی (جیوڈیسک) لیاری میں پولیس سے مبینہ مقابلے میں گینگ وار کے 3 ملزمان ہلاک ہو گئے، حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان کا تعلق عزیر بلوچ گروہ سے تھااور وہ سنگین جرائم میں ملوث تھے۔
ایس ایس پی سٹی ڈویژن فدا حسین جانوری نے جیونیوز کو بتایا کہ لیاری کے علاقے کلاکوٹ میں جرائم پیشہ افراد کی موجودگی کی اطلاع پر محاصرہ کیا، اس دوران گینگ وار کے ملزمان سے مبینہ مقابلہ ہو گیا جس میں 3 ملزمان مارے گئے۔
ہلاک ملزمان کی شناخت صغیر عرف لنگڑا، حنیف عرف چیمہ اور فیصل عرف باپو کے نام سے ہوئی ہے، ایس ایس پی سٹی ڈویژن کے مطابق ہلاک ملزمان کا تعلق لیاری گینگ وار کے عزیر بلوچ گروہ سے تھا اور وہ ٹارگٹ کلنگ، بھتہ خوری، دستی بم حملوں اور شارٹ ٹرم کڈنیپنگ میں ملوث تھے، ملزمان کے قبضے سے جدید اسلحہ برآمد کیا گیا ہے۔