کراچی : ایم کیو ایم کے ہیڈکوارٹر کے قریب2 دھماکے،3 جاں بحق،45 زخمی

Karachi

Karachi

کراچی(جیوڈیسک)کراچی ایم کیو ایم کے مرکز نائن زیرو کے قریب 2 بم دھماکوں میں 3افراد جاں بحق اور45 زخمی ہو گئے۔ زخمیوں میں 3رینجرز اہلکار اور میڈیا کے ارکان بھی شامل ہیں ۔کالعدم تحریک طالبان نے دھماکوں کی ذمے داری قبول کر لی۔کراچی کے علاقہ عزیز آباد میں ایم کیو ایم کے انتخابی دفتر کے قریب 8 بجکر 52 منٹ پر زور دار دھماکہ ہوا۔

پہلے دھماکے کی شدت قدرے کم تھی لیکن اس میں بھی متعدد افراد زخمی ہوئے۔ابھی لوگ پہلے دھماکے کی گونج بھول نہیں پائے تھے کے اچانک دوسرا دھماکہ ہوگیا۔اطلاعات کے مطابق پہلا دھماکہ ایک رکشے میں ہوا۔ جبکہ پولیس کے مطابق دوسرا دھماکہ اسی مقام پر کھڑی ایک مشکوک موٹرسائیکل میں ہوا، ایک اور اطلاع کے مطابق دوسرا دھماکہ ایک مشکوک موٹرسائیکل سوار کو روکنے پر ہوا۔

جو پہلے دھماکے سے قدرے بڑا تھا۔ جاں بحق ہونے والوں میں 8 سالہ بچہ بھی شامل ہے۔ زخمیوں کو سرکاری اور نجی ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔ ڈاکٹرز کے مطابق زخمیوں میں 10 سے زائد کی حالت نازک ہے۔ رینجرزترجمان کے مطابق دوسرے دھماکے میں رینجرز کے 3 اہلکار بھی زخمی ہوئے ہیں۔

پولیس اہلکار وں سمیت واقعہ کی کوریج کرنے والے میڈیا کے بعض افراد بھی دوسرے دھماکے میں زخمی ہوئے۔۔ زخمیوں میں چھ بچے بھی شامل ہیں۔ دھماکے کے نتیجہ میں علاقے کی بجلی منقطع ہوگئی جس کی وجہ سے امدادی سرگرمیوں میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

دھماکوں کے بعد پورے شہر میں خوف وہراس پھیل گیا۔ رات گئے تک کھلی رہنے والی دکانیں اور فوڈ اسٹریٹ بند ہوگئیں جبکہ شہر بھر میں پیٹرول پمپ بھی بند ہوگئے۔ ایم کیو ایم نے کل سندھ بھر میں یوم سوگ کا اعلان کیا ہے۔