کراچی میں مدرسے پر دستی بم حملےکے نتیجے میں 3 بچے جاں بحق، متعدد زخمی

Madrassa

Madrassa

کراچی (جیوڈیسک) فرنٹئیر کالونی میں ایک مدرسے پر نامعلوم افراد کے دستی بم حملے کے نتیجے میں 3 بچے جاں بحق جبکہ 11 زخمی ہوگئے ہیں۔ کراچی کے مومن آباد پولیس اسٹیشن کی حدود میں فرنٹئیر کالونی میں واقع مدرسے کے کمرے میں زور دار دھماکا ہوا، دھماکا اس قدر شدید تھا کہ اس کی آواز دور دور تک سنی گئی۔ دھماکے کے فوری بعد زخمیوں کو اپنی مدد آپ کے تحت عباسی شہید اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ طبی عملے نے 3 بچوں کی ہلاکت اور 11 کے زخمی ہونے کی تصدیق کی ہے۔ جاں بحق ہونے والے بچوں کی عمریں 5 سے 8 سال کے درمیان ہے۔

پولیس اور سیکیورٹی اداروں کے اہلکاروں نے جائے واقعہ کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کرنے شروع کر دیئے ہیں جبکہ بم ڈسپوزل اسکواڈ بھی واقعے کی جگہ پر مزید دھماکا خیز مواد تلاش کر رہا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ دھماکا دستی بم حملے کا نتیجہ ہے جو موٹر سائیکل پر سوار نامعلوم افراد نے مدرسے میں پھینکا تھا۔ واضح رہے کہ گزشتہ جمعے کو دہلی کالونی میں بھی ایک مسجد کے قریب دھماکا ہوا تھا جس میں 6 افراد جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہو گئے تھے۔