کراچی (جیوڈیسک) کراچی کے علاقے منگھوپیر میں رینجرز نے کارروائی کر کے سکول کے مغوی چوکیدار کو بازیاب کرا لیا، مغوی کی بازیابی کے لیے سکول مالک سے 5لاکھ روپے تاوان طلب کیا گیا تھا۔ ترجمان سندھ رینجرز کے مطابق منگھوپیر کے علاقے سلطان آباد میں اسنیپ چیکنگ کی جارہی تھی۔
اس دوران موٹر سائیکل سوار ایک شخص رینجرز اہلکاروں کو دیکھ کر موٹر سائیکل اور ایک نائن ایم ایم پستول پھینک کر قریب واقع تنگ گلیوں میں فرار ہو گیا، جس کے بعد علاقے کا محاصرہ کر کے سرچ آپریشن کیا گیا اس دوران ایک گھر سے ایک شخص کو بازیاب کرایا گیا، مغوی ایک نجی سکول کا چوکیدا ر تھا اور اس کی بازیابی کے لیے سکول مالک سے پانچ لاکھ روپے تاوان طلب کیا گیا تھا۔