کراچی (جیوڈیسک) کراچی کے علاقے منگھو پیر میں رینجرز سے مقابلے کے دوران 2 دہشتگرد ہلاک جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں رینجرز کے 2 جوان بھی شدید زخمی ہو گئے۔ دہشتگردی کی متعدد وارداتوں میں مطلوب دہشتگرد عابد مچھڑ کی موجودگی کی اطلاع پر رینجرز نے منگھو پیرمیں سرچ آپریشن کیا جس میں رینجرز کے کمانڈوز کے علاوہ پولیس کی بھاری نفری نے حصہ لیا۔
آپریشن سے قبل علاقے کے محاصرے کے دوران دہشتگردوں نے اہلکاروں پر فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں 2 رینجرز اہلکار زخمی ہو گئے جبکہ بھرپور جوابی فائرنگ کے تبادلے میں 2 دہشتگرد مارے گئے جس میں عابد مچھڑ کے بھی ہلاک ہونے کی اطلاع ہے۔ ذرائع کے مطابق عابد مچھڑ کالعدم تحریک طالبان پاکستان کا اہم کمانڈر تھا جو منگھو پیر سے اپنا نیٹ ورک چلا رہا تھا۔
پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والا دہشتگرد پولیس کو دہشتگردی سمیت دیگر مختلف وارداتوں میں مطلوب تھا جس کے خلاف مختلف تھانوں میں مقدمات بھی درج ہیں، دوسری جانب 2 دہشگردوں کی ہلاکت کے بعد رینجرز نے علاقے میں ممکنہ طور پر مزید شر پسندوں کی موجودگی کے خدشہ کے پیش نظر علاقے کے داخلی و خارجی راستوں کو سیل کرتے ہوئے سرچ آپریشن شروع کر دیا جبکہ زخمی دونوں اہلکاروں کو عباسی شہید اسپتال منتقل کر دیا گیا۔