کراچی (جیوڈیسک) کراچی کے علاقے منگوپیر تھانے کی حدود نادرن بائی پاس کے قریب سے پانچ افراد کی تشدد زدہ لاشیں ملیں، مقتولین کی شناخت نہیں ہو سکی۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ نادرن بائی پاس کے پاس جھاڑیوں سے پانچ افراد کی تشدد زدہ لاشیں ملی ہیں۔ پانچوں افراد کے جسموں پر تشدد کے نشانات ہیں جبکہ قریب سے گولیاں ماری گئی ہیں۔
پانچوں افراد شلوار قمیض پہنیں ہوئے ہیں اور کسی بھی لاش سے ایسی کوئی چیز نہیں ملی جس سے ان کی شناخت ہو سکے۔ پولیس نے لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لئے عباسی شہید ہسپتال منتقل کردیا تھا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ تمام افراد کو اغواء کے بعد قتل کیا گیا، یہ لاشیں بلوچستان سے لاپتہ ہونے والے افراد کی بھی ہو سکتی ہیں، اس کی ابھی تفتیش کی جا رہی ہے۔