کراچی(جیوڈیسک) کراچی کے مختلف علاقوں میں ریٹرننگ افسران کی جانب سے پریزائیڈنگ افسران کو بیلٹ پیپرز دینے میں تاخیر دیکھنے میں آرہی ہے،جس کی وجہ سے افسران کو پریشانی کا سامنا ہے۔وفاقی اردو یونیورسٹی سے پولنگ کا سامان قومی اسمبلی کے حلقے این اے 253، 255 اور 256 کے پولنگ اسٹیشنز کو منتقل کیا جارہا ہے،لیکن ریٹرننگ افسران کی جانب سے پریزائیڈنگ افسران کو بیلٹ پیپرز فراہم کرنے میں تاخیر ہورہی ہے۔
جس کی وجہ سے یونیورسٹی کیمپس میں موجود افسران کو پریشانی کا سامنا ہے۔ یونیورسٹی میں پریزائیڈنگ افسران اور پولنگ کے سامان کی موجودگی کے باوجود سیکیورٹی کی بھی ناقص صورتحال ہے۔ پریزائیڈنگ افسران کا کہنا ہے کہ گذشتہ روز صبح 10 سے بیٹھے ہیں مگر اب تک عام انتخابات کیلیے بیلٹ پیپرز فراہم نہیں کیے گئے۔
افسران کا کہنا ہے کہ دوپہر اور رات کا کھانا بھی الیکشن کمیشن کی جانب سے فراہم نہیں کیا گیا، افسران خود اپنی مدد آپ کے تحت تمام سامان پولنگ اسٹیشنز میں منتقل کررہے ہیں،جبکہ خواتین پریزائیڈنگ افسران کو بھی شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔