کراچی (جیوڈیسک) سندھ ریزرو پولیس کے برطرف پولیس اہلکاروں نے کراچی پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے سندھ حکومت اور اعلیٰ پولیس افسران کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔
مظاہرین نے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت نے 2012ء میں بھرتی ہونے والے 1832 پولیس اہلکاروں کو بغیر شو کاز نوٹس برطرف کر دیا تھا۔
رواں ماہ 1760 پولیس اہلکاروں کو برطرف کیا گیا جبکہ کچھ ماہ قبل بھی 172 پولیس اہلکار برطرف کئے گئے۔ نااہلی کی انتہاء یہ ہے کہ 13 شہید اہلکاروں کو بھی برطرف کر دیا گیا ہے۔ برطرف پولیس اہلکاروں کا کہنا ہے کہ نوکریوں پر بحال نہ کیا گیا تو احتجاج جاری رکھیں گے۔
شدید گرمی کے باعث مظاہرے میں اظہار یکجہتی کے لئے شریک خاتون سمیت دو پولیس اہلکاروں کی حالت غیر ہو گئی جنہیں طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔