کراچی (جیوڈیسک) ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی نے میٹرک سائنس اور اسپیشل بچوں کے سالانہ امتحانات کے نتائج کا اعلان کر دیا۔ سائنس گروپ میں پہلی دو پوزیشن طلبا اور تیسری پوزیشن دو طالبات نے مشترکہ طور پر حاصل کی۔ خصوصی بچوں میں تینوں پوزیشنز پر طالبات نے قبضہ کر لیا۔
ثانوی تعلیمی بورڈ نے میٹرک سائنس گروپ میں پہلی پوزیشن عمار صمد خان، دوسری طیب عثمان علی نے حاصل کی۔ تیسری پوزیشن دو طالبات دانیا علی اور کرشما کماری نے مشترکہ طور پر اپنے نام کی۔
میٹرک سائنس گروپ میں کامیابی کا تناسب بہتر اعشاریہ چودہ فیصد رہا۔ خصوصی بچوں میں پہلی پوزیشن ندا شمس دوسری زینب اور تیسری پوزیشن پر مریم علی براجمان ہوئیں۔ اسپیشل بچوں کی کامیابی کا تناسب اٹھانوے فیصد رہا۔