کراچی (جیوڈیسک) کراچی میں مختلف علاقوں سے تین لاشیں ملی ہیں ، مواچھ گوٹھ کے علاقے میں بچہ گٹر میں گر کر جاں بحق ہوگیا ۔ علاقہ مکینوں کا احتجاج ، پولیس نے مختلف علاقوں میں کارروائی کرکے چار ملزمان کو گرفتار کرلیا ۔ مواچھ گوٹھ کے علاقے میں ایک سات سالہ بچہ گٹر میں گر کر جاں بحق ہوگیا ۔ اس واقعہ کے بعد علاقہ مکیں مشتعل ہوکر سڑک پر نکل آئے اور سڑک بند کردی ۔ منگھو پیر کےعلاقے مائی گاڑھی میں کار سے لاش ملی ہے ۔
پولیس کے مطابق مقتول کو گولی مارکر ہلاک کیا گیا ۔ سہراب گوٹھ تھانے کے علاقے میں سپر ہائی وے پر براق پمپ کے قریب سے ضعیف العمر شخص کی کمبل میں لپٹی ہوئی لاش ملی ۔ پولیس نے لاش ہسپتال منتقل کر دی ۔ پولیس کے مطابق مقتول کے منہ سے جھاگ نکل رہے تھے جس سے شبہ ہے کہ اسے زہر دے کر قتل کیا گیا اور لاش یہاں پھینک دی گئی ۔ گلبہار تھانے کے علاقے میں لیاری ندی سے ایک لاش ملی جس کی شناخت نہیں ہوسکی ۔ پولیس نے ڈالیما کے علاقے میں مقابلے کے بعد ایک ملزم کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا ۔ نیو کراچی بلال کالونی میں ڈکیتی مزاحمت پر فائرنگ سے ایک شخص زخمی ہوا ۔ ملیر کورٹ کے قریب فائرنگ سے علی عباس زخمی ہوگیا ۔ نیو کراچی پولیس نے ایک ملزم سلیم احمد عرف شہریار اور پاکستان بازار پولیس نے بھتہ خور شمیم کو دھرلیا ۔