کراچی (جیوڈیسک) کراچی میں مزار قائد پر یوم دفاع کے حوالے سے گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب منعقد ہوئی۔ پاک فضائیہ کے چاق و چوبند دستے نے مزار قائد کے گارڈز کے فرائض سنبھال لئے۔تقریب کے مہمان خصوصی ایئر وائس مارشل عاصم ظہیر تھے۔ مزار قائد پر گارڈ کے فرائض پی اے ایف اکیڈمی رسال پور کے چاق و چوبند دستے نے سنبھال لئے۔
پاک فضائیہ کا دستہ 96 جوانوں پر مشتمل ہیں جن میں 4 خواتین کیڈٹس بھی شامل ہیں۔ گارڈز کی تبدیلی کی تقریب کے موقع پر مہمان خصوصی ایئر وائس مارشل عاصم ظہیر نے مزار قائد پر پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔ پاک فضائیہ کی جانب سے جاری اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ یوم دفاع کے پوقع پر یہ عزم کیا جاتا ہے کہ وطن عزیز کے ساتھ ساتھ پاک فضائیہ کو مزید مضبوط اور با صلاحیت بنانے کے لئے عزم و جذبہ رکھتے ہیں۔ پاک فضائیہ ملک کی سلامتی اور استحکام کے لئے ہر وقت مکمل تیار اور چوکس ہے۔