کراچی (جیوڈیسک) کراچی کے علاقے سائٹ میں ایم کیو ایم کے رکن قومی اسمبلی خواجہ سہیل منصور کی فیکٹری میں مسلح افراد نے لوٹ مار اور توڑ پھوڑ کی۔ متحدہ کی رابطہ کمیٹی نے واقعے کی شدید مذمت کی ہے۔ پولیس کے مطابق سنگر چورنگی کے قریب واقع خواجہ سہیل منصور کی فیکٹری میں مسلح افراد نے دھاوا بول دیا۔ مسلح افراد نے فیکٹری میں موجود لوگوں کو ایک کمرے میں بند کر کے ان کے موبائل فونز چھینے اور سہیل منصور کے دفتر کی تلاشی لی۔
ملزم لیپ ٹاپ اٹھا کر فرار ہوگئے۔ پولیس کے مطابق ابتدائی طور پر واقعہ ڈکیتی کا لگتا ہے لیکن مکمل حقائق تحقیقات کے بعد ہی سامنے آئیں گے۔ خواجہ سہیل منصور کا کہنا ہے کہ ان کی فیکٹری میں توڑ پھوڑ کرنے والوں کی تعداد 10 سے 12 تھی۔ متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے اس واقعے کی بھرپور مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردوں کی جانب سے مختلف علاقوں میں تاجروں کو بھتے کی پر چیاں تقسیم کرنا اور بھتہ نہ دینے پر انہیں قتل سمیت سنگین نتائج کی دھمکیاں دینا پرامن شہریوں کو ہراساں کرنے کے مترادف ہے۔